راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میںموسلادھار بارش
راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا
راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والی موسلادھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں بادل کھل کر برسے، جس سے درجہ حرارت میں واضح کمی دیکھنے کو ملی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ، پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق
محکمہ واسا راولپنڈی کے مطابق، نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور نشیبی علاقوں میں عملہ و مشینری تعینات کر دی گئی ہے۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ شمس آباد میں 15 ملی میٹر جبکہ سیدپور میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، حبس میں نمایاں کمی
اسلام آباد میں بھی موسلادھار بارش سے موسم نہ صرف خوشگوار ہوگیا بلکہ شہریوں نے بھی سکھ کا سانس لیا۔ شدید گرمی اور حبس سے نجات نے روزمرہ زندگی میں راحت پیدا کی۔
کراچی میں ہلکی بوندا باندی، لیکن گرمی برقرار
ادھر کراچی کے علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور ایم اے جناح روڈ پر صبح سویرے بوندا باندی ہوئی تاہم مجموعی طور پر شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہا۔
محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی: شدید بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق آج سے ملک کے کئی علاقوں میں ایک نیا موسمی سسٹم شدت اختیار کر رہا ہے۔ پوٹوہار ریجن (اٹک، جہلم، چکوال، راولپنڈی)، کشمیر (وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ)، اور بالائی خیبرپختونخواہ (مانسہرہ، ایبٹ آباد، مری، گلیات) میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خطرات: لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا امکان
شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود ہیں۔ محکمہ موسمیات نے عوام اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور الرٹ رہیں۔

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں
If you have any doubt .Please let me know