متحدہ عرب امارات سے 2 ارب ڈالر قرض کی تجدید
متحدہ عرب امارات سے 2 ارب ڈالر قرض کی تجدید پر بات چیت جاری، کوئی تشویش نہیں: وزیر خزانہ
اسلام آباد: پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بدھ کے روز کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ 2 ارب ڈالر کے قرض کی تجدید (رول اوور) کے حوالے سے براہِ راست رابطے میں ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کی تشویش کی ضرورت نہیں۔
وزیر خزانہ کے مطابق متحدہ عرب امارات 2023 سے پاکستان کے مرکزی بینک کے پاس جمع کروائے گئے 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کو رول اوور کرتا آ رہا ہے، جس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملا ہے۔ یہ قرضہ پہلی بار جنوری میں میچور ہوا تھا اور بعد ازاں فروری میں بھی اس کی مدت پوری ہوئی، تاہم اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کی جانب سے باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا، “ہم ان (یو اے ای) کے ساتھ براہِ راست رابطے میں ہیں۔ رول اوور کے معاملے میں کوئی مسئلہ نہیں، میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ اس پر بالکل کوئی تشویش نہیں۔”
معاشی ماہرین کے مطابق چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے قرضوں کی تجدید پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے، کیونکہ ملک کی معیشت کئی دہائیوں سے اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔ ایسے مالی تعاون سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھنے اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات، چین اور امریکہ کے بعد پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور ترسیلاتِ زر کا بھی ایک بڑا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط معاشی تعلقات پاکستان کی مالی استحکام کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں
If you have any doubt .Please let me know